حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، 15 اگست یومِ آزادی ہند کے موقع پر مہاراشٹرا کے علاقے اورنگ آباد میں بابُ العلم لائبریری کی جانب سے ’’حسین فار جسٹس‘‘ مہم کے تحت ایک منفرد اور انسان دوست پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس کے دوران مقامی میونسپل اسپتال میں زیرِ علاج مریضوں، ان کے تیمارداروں اور دیگر ضرورت مند افراد میں مفت کھانا، پینے کا پانی اور جوس تقسیم کیا گیا۔
اس خدمتِ خلق کا مقصد امام حسینؑ کی آفاقی تعلیمات، بالخصوص حق و صداقت، عدل و انصاف، ایثار، ہمدردی اور ضرورت مندوں کی مدد کے پیغام کو عام کرنا اور انہیں عملی زندگی کا حصہ بنانا تھا۔

اس موقع پر شیعہ یوتھ لیڈر سید محمد رضوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پانی پلانا اور بھوکے کو کھانا کھلانا محض ایک نیکی نہیں بلکہ انسانیت کی خوبصورت ترین علامت ہے۔ یومِ آزادی ہند کے موقع پر امام حسینؑ کے نام پر غذا اور پانی تقسیم کرنا دراصل ان کی تعلیمات کو عملی جامہ پہنانے کی ایک ادنیٰ کوشش ہے۔
انہوں نے کہا کہ امام حسینؑ نے ہمیں صبر، حق پسندی، انسانیت اور ضرورت مندوں کی مدد کا درس دیا ہے۔ ضرورت ہے کہ ہم ان تعلیمات کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بناتے ہوئے معاشرے میں محبت، بھائی چارے، ہمدردی اور انسانیت کا پیغام عام کریں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس خدمت کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے اور وطن میں امن، اتحاد، بھائی چارے اور خوشحالی کو قائم و دائم رکھے۔

ٹیم لیڈر سید قاسم جعفری نے امام حسینؑ کے پیغام کو پوری انسانیت کے لیے عالمگیر پیغام قرار دیتے ہوئے کہا کہ امام حسینؑ، رسولِ اکرم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کے نواسے ہیں، جنہوں نے میدانِ کربلا میں حق و صداقت، عدل و انصاف اور اصولوں کی سربلندی کے لیے اپنی جان، اہلِ خانہ اور باوفا اصحاب کی قربانی پیش کی، لیکن ظلم و ناانصافی کے سامنے سرِ تسلیم خم نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ کربلا کا پیغام کسی ایک مذہب یا برادری تک محدود نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ امام حسینؑ نے ہمیں سچائی، انصاف، مہربانی، انسانی وقار اور ایک دوسرے کے احترام کا درس دیا۔ کربلا ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ حق کے ساتھ کھڑے رہیں، ظلم و ناانصافی کو قبول نہ کریں، ضرورت مندوں کا سہارا بنیں اور مشکل ترین حالات میں بھی اللہ تعالیٰ کی رحمت و عنایت پر یقین قائم رکھیں۔

سید قاسم جعفری نے عوام پر زور دیا کہ امام حسینؑ کے پیغام کو محض الفاظ اور تقریروں تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ اسے عملی زندگی میں نافذ کیا جائے اور معاشرے کے کمزور و ضرورت مند طبقات کی مدد کو اپنی ذمہ داری سمجھا جائے۔
پروگرام میں صحافی و سماجی کارکن ارباز انصاری نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے بابُ العلم لائبریری کی جانب سے منعقدہ اس انسان دوست اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ خدمتِ خلق کے ایسے اقدامات معاشرے میں محبت، اخوت، ہمدردی اور انسانیت کے فروغ کا ذریعہ بنتے ہیں۔ انہوں نے پروگرام کے کامیاب انعقاد پر انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی اور مستقبل میں بھی اس نوعیت کی فلاحی سرگرمیوں کے تسلسل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس موقع پر آفاق الرحمن (جماعتِ اسلامی)، زرینہ جاوید قریشی (کارپوریٹر، VBA)، ایڈووکیٹ جنید قریشی (VBA) اور ڈاکٹر صدف (چیف میڈیکل آفیسر) سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران سیدہ افشاں نقوی اور سیدہ عین زہرہ نقوی نے تقاریر کے ذریعے اپنے خیالات کا اظہار کیا، جبکہ الینا نقوی کسا جعفری نے بھی اپنے تاثرات پیش کیے۔ معصومہ نقوی نے حاضرین کو حسینی کردار کی روشنی میں ملک و قوم کے لیے اپنی صلاحیتوں کے استعمال، خدمتِ خلق، انسانوں سے محبت اور بھائی چارے کو فروغ دینے کا عہد دلایا۔
اس موقع پر تمام معزز مہمانوں نے بابُ العلم لائبریری کی انتظامیہ اور پوری ٹیم کو ’’حسین فار جسٹس‘‘ مہم کے کامیاب انعقاد اور خدمتِ خلق کے اس قابلِ تحسین اقدام پر مبارکباد پیش کی۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ امام حسینؑ کی تعلیماتِ انسانیت، عدل و انصاف اور خدمتِ خلق کے پیغام کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ معاشرے میں محبت، امن، ہمدردی اور بھائی چارے کی فضا کو فروغ حاصل ہو۔









آپ کا تبصرہ